اس آزادی کے کیا معنی ؟

14017801_1200365123327411_1573321498_n

اس آزادی کے کیا معنی؟
کیسے حقائق سے نظر چرائیں ہم
کس آزادی کا جشن منائیں ہم؟
جہاں ہر طرف بے بس، بد حال چہرے ہیں
جہاں ہر طرف بھوک و افلاس کے ڈیرے ہیں
جہاں سینکڑوں نے کروڑوں کے مقدر گھیرے ہیں
جہاں روشنی کا امکان نہیں بس اندھیرے ہی اندھیرے ہیں
اس آزادی کے کیا معنی؟
کیسے حقائق سے نظر چرائیں ہم
کس آزادی کا جشن منائیں ہم
جہاں ہر طرف دہشت اور خوف کے سائے ہیں
جہاں ہر طرف غم والم کے بادل چھائے ہیں
جہاں کلیاں بھی مسلی ہیں جہاں پھول بھی مرجائے ہیں
جہاں موت کی دہائی دیں جو زندگی کے ستائے ہیں
اس آزادی کے کیا معنی؟
کیسے حقائق سے نظر چرائیں ہم
کس آزادی کا جشن منائیں ہم
جہاں مٹی کے پاسباں ہی مٹی کے غدار ہیں
جہاں بے ایماں ہیں وہی، جو ایماں کے علمبردار ہیں
جہاں سیاستداں ہیں وہ، جو جہاں کے بدکردار ہیں
جہاں حکمراں ہیں وہ، جو صنعت کار و جاگیردار ہیں
اس آزادی کے کیا معنی؟
کیسے حقائق سے نظر چرائیں ہم
کس آزادی کا جشن منائیں ہم
جہاں ملاں دیں کے تاجر ہیں جہاں جنرل زمیں کے تاجر ہیں
جہاں اجیرن ہے زندگی بس اجیروں کی،  جہاں خوشحال فقط آجر ہیں
جہاں ہزاروں بے گھر ہیں جہاں لاکھوں دربدر ہیں
جہاں آزاد ہیں وہی، جو صاحب ثروت ہیں، اہل زر ہیں
اس آزادی کے کیا معنی؟
کیسے حقائق سے نظر چرائیں ہم
کس آزادی کا جشن منائیں ہم
یہ جو مقتل گاہ ہے اسے وطن کیا کہنا
یہ جو ہر زی روح ماتم کدہ ہے اسے جشن کیا کہنا
یہ جو ظلم رواں جانوں پر اسے امن کیا کہنا
یہ جو کفن پہنا ہے شانوں پر اسے پیرہن کیا کہنا
اس آزادی کے کیا معنی؟
کیسے حقائق سے نظر چرائیں ہم
کس آزادی کا جشن منائیں ہم
(مبشربشر)

One thought on “اس آزادی کے کیا معنی ؟

Leave a Reply